ضمنی الیکشن میں ان کی دھاندلی کے سامنے الیکشن کمیشن بھی بے بس نظر آیا، تنور سکیم، دانش سکول، جنگلہ بس، آشیانہ اور کالی پیلی ٹیکسی جیسی فلاپ سکیمیں کیا ان کے ’’نئے پاکستان‘‘ کا نمونہ ہیں؟

ہم نے اپنی عوامی فلاحی سکیموں کے ذریعہ ہرغریب آدمی اور اس کے بچے کو بھی وی آئی پی کا درجہ دیا، انہوں نے آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کر دیا: سمندری میں عظیم الشان جلسہ سے خطاب
ن لیگ کسان دشمن ہے، چودھری ظہیر الدین: آج کے جلسہ سے ثابت ہو گیا کہ ہمارا اتحاد جیتے گا: صاحبزادہ فضل کریم، سابق ایم پی اے مقبول فتیانہ کا پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان


لاہور (09 دسمبر 2012ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں دوائی نہیں، جان و مال محفوظ نہیں، روزگار نہیں، تعلیم نہیں، نواز شریف چوتھی بار کیسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، اتنی بار وزیراعظم اور وزیراعلیٰ رہنے کے باوجود وہ کتنی بار نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، ضمنی الیکشن میں ان کی دھاندلی کے سامنے الیکشن کمیشن بھی بے بس نظر آیا، تنور سکیم، دانش سکول، جنگلہ بس، آشیانہ اور کالی پیلی ٹیکسی جیسی فلاپ سکیمیں کیا ان کے ’’نئے پاکستان‘‘ کا نمونہ ہیں؟ وہ سمندری میں عظیم الشان اور پرجوش جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ سمندری آمد پر چودھری پرویزالٰہی کا پرجوش استقبال کیا گیا، سڑکوں کے دور رویہ کھڑے پرجوش عوام نے انہیں دیکھ کر والہانہ نعرہ بازی کی۔ جلسہ سے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم، چودھری ظہیر الدین اور خالد محمود نبی ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ مہر مقبول فتیانہ سابق ایم پی اے نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سٹیج پر ریاض فتیانہ، رضا حیات ہراج، مشتاق چیمہ، رانا آصف توصیف، رانا زاہد توصیف، میاں فہیم اختر، ممتاز علی چیمہ، سیف اللہ گل، مفتی سعید رضوی اور رہنماؤں و عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سمندری کی طرح دیگر مقامات پر عوام کی آنکھوں میں اپنے لیے محبت اور پیار دیکھ کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ پنجاب میں اپنی حکومت میں عوام کی جو خدمت کی اور سکیمیں دیں ان غریب آدمی اور اس کے بچے کو بھی وی آئی پی کا درجہ ملا جس کے باعث وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں، مجھے پورے پنجاب سے محبت تھی اور آئندہ بھی رہے گی۔ ہمارے ترقیاتی کام پورے صوبے میں نظر آتے ہیں، تحصیل سمندری سمیت فیصل آباد میں ہم نے 15 ارب روپے خرچ کیے، بطور وزیراعلیٰ ہم عوام کے مسائل اور تکالیف دیکھ کر کام کرتے تھے، ہم نے سکول، کالج، ہسپتال، فلاحی ادارے بنائے، مفت تعلیم، مفت ادویات فراہم کیں مگر افسوس کہ انہوں نے ضلع فیصل آباد میں چار سو جبکہ صرف تحصیل سمندری میں سو سکول بند کر دئیے، صوبے کے وزیراعلیٰ کا کام صوبے کے عوام کی جان و مال کی حفاظت ہے مگر آج لاہور سمیت پورے صوبے میں قتل اور ڈکیتیاں عام ہیں، لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہت خراب ہے، ’’خادم اعلیٰ‘‘ نے سمندری میں پارک بنانے کیلئے سینکڑوں گھر مسمار کر دئیے، ان کے پاس عوام کی خدمت کیلئے کوئی وقت نہیں لیکن ہمارے کارکنوں پر جھوٹے مقدمات بنانے کے ماسٹر ہیں مگر آج بھی ہمارے کارکن چٹان کی طرح ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور اب یہ سائیکل پورے پنجاب کیا پورے پاکستان میں چلے گی۔ انہوں نے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی دھاندلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج تبدیل کرانے کے ماہر ہیں، انہوں نے صوبائی ملازمین کے ذریعے دھاندلی کروائی اور ٹرن آؤٹ راتوں رات زیادہ ہو گیا، یہ مہریں لگا کر صندوق بھرتے اور فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلاتے رہے مگر اب تک الیکشن کمیشن نے کوئی ایکشن نہیں لیا یہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن بھی ان کے سامنے بے بس ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ابھی پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے آئندہ الیکشن میں دیکھیں گے یہ کس طرح دھاندلی کرتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ دو مرتبہ وزیراعظم اور چار بار وزیراعلیٰ رہے اب نواز شریف کہتے ہیں کہ ہم نیا پاکستان بنائیں گے میں ان سے پوچھتا ہوں کہ تم کتنی مرتبہ پاکستان نیا بناؤ گے، بدحال، مقروض اور غیر محفوظ پنجاب کیا تمہارے نئے پاکستان کا نمونہ ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ اپنے اور ہمارے دور کے پنجاب کا موازنہ کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ ہمارا اتحاد دن بدن زیادہ مضبوط ہو رہا ہے، ہم انشاء اللہ اکٹھے الیکشن لڑیں گے، ن لیگ نے انتظامیہ کو بھی برباد کر دیا ہے، کوئی اچھا افسر ان کے ساتھ کام کرنے کو تیار نہیں، جنرل الیکشن میں پولیس، پٹواری، تحصیلدار، سرکاری افسران سب ان کا ساتھ چھوڑ دیں گے۔ ہم انشاء اللہ الیکشن جیتیں گے اور ملک میں خوشحالی آئے گی، ملک سرسبز و شاداب ہو گا، انشاء اللہ نظام مصطفی کا نفاذ کریں گے اور پاکستان مسلم لیگ نے جس طرح پہلے عوام کی خدمت کی آئندہ بھی اقتدار میں آ کر صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں سمندری میں ہمارے تینوں امیدوار انشاء اللہ کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمندری میں پاسپورٹ آفس جلد کھولا جائے گا، سوئی گیس کے ادھورے کام جلد مکمل مکمل کیے جائیں گے۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ آج کے جلسہ نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ اور سنی اتحاد کونسل کا اتحاد آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی دھاندلی پر الیکشن کمیشن نے کوئی ایکشن نہیں لیا لیکن ہم آئندہ الیکشن میں جھرلو نہیں پھیرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، غریب عوام کی خدمت کی، اس لیے ہم آج ان کے ساتھ ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پنجاب حکومت نے حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر اور دوسرے حملوں میں ملوث ایک ملزم کو بھی نہیں پکڑا، ن لیگ کے بعض رہنما دہشت گردوں کی پشت پناہی کرتے ہیں، ہم انشاء اللہ انہیں شکست دیں گے۔

چودھری ظہیر الدین نے کہا کہ چودھری برادران کی مستقل مزاجی نے ہمیں سیاست کا ڈھنگ سکھایا ہے، آج پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سیاسی میدانوں میں سربلند کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں سمندری بائی پاس اور دو رویہ سڑک کی تعمیر پر چودھری پرویزالٰہی کے بے حد مشکور ہیں، آئندہ الیکشن میں پنجاب کو خوشحال بنانے اور اس کا بیڑہ غرق کرنے والوں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کسان دشمن ہے۔

0 comments:

Add PML BLOG

Bookmark and Share

Copyright © 2009 - Pakistan Muslim League News - is complied by Shahzad Faisal
- Design Disease - Blog and Web - Dilectio Blogger Template